بنگلورو،22؍اکتوبر(ایس او نیوز) بی جے پی نے کانگریس جے ڈ ی ایس اتحاد کو دیوے گوڈا کے جے ڈی ایس خاندان اور گاندھی خاندان کے وجود کو بچانے کی ایک کوشش قرار دیا۔ بی جے پی نے کہا کہ کانگریس کئی حلقوں میں بی جے پی کا سامنا کرنے کا اعتماد کھو چکی ہے، اور وہ دیگر حلقوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو بر آمد کر رہی ہے۔دوسری جانب جے ڈی ایس کی جانب سے چلایا جا رہا خاندان کا تین اضلاع سے آگے کوئی وجود نہیں ہے۔ کوئی زیادہ گنجائش نہ رہتے ہوئے دونوں نے بی جے پی کاسامنا کرنے کے لیے ہاتھ ملا لیے ہیں۔بی جے پی نے دونوں پارٹیوں کے اتحاد پر اپنا ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’ یہ حقیقت ہے کہ دونوں خاندان، ایک کرناٹک کے خاندان اور ایک دہلی کے خاندان کو بچانے کے لیے ایک ساتھ ہوئے ہیں۔کرناٹک کے ووٹروں کی جانب سے ان کی یہ کوشش روک دی جائے گی۔‘‘زعفرانی پارٹی نے کانگریس کوفرقہ پرست قراردیتے ہوئے اس پر ہندو سماج کو توڑنے کاالزام لگایا۔اس نے کہا کہ دیوے گوڈا اور کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے متحد ہوئے ہیں لیکن کچھ روز پہلے ڈی کے شیو کمار نے کھلے طور پر اقرار کیا ہے کہ کانگریس ہندو سماج کو تقسیم کر رہی ہے۔اس طرح کانگریس فرقہ پرست ہے اور اس نے اس کا اقرار کرلیا ہے۔